ترکیہ ۔ شام سرحدی خطے میں پھر زلزلہ مصر اور لبنان میں بھی جھٹکے محسوس کئے گئے

   

انقرہ : ایک اور زلزلہ نے پیر کو ترکیہ اور شام کے سرحدی خطہ کو دہلا کر رکھ دیا۔ دو ہفتے قبل ہی یہ علاقہ زیادہ بڑی شدت کے زلزلہ سے تباہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں زائد از 47,000 افراد فوت ہوچکے ہیں اور ہزاروں مکانات کو جزوی یا مکمل نقصان ہوا ہے۔ پیر کا زلزلہ ریکٹر اسکیل پر 6.3 ریکارڈ ہوا جس کا مبدا جنوبی ترک شہر انتاکیہ کے قریب پایا گیا اور اس زلزلہ کے جھٹکے شام کے علاوہ مصر اور لبنان میں بھی محسوس کئے گئے۔ زلزلہ کی پیمائش سے متعلق یوروپی مرکز نے کہا کہ آج کا زلزلہ محض 2 کیلو میٹر کی گہرائی میں پیش آیا جس سے زمین کی سطح پر بڑا اثر ہوتا ہے۔ وسطی انتاکیہ کی ایک شہری نے بتایا کہ آج کے زلزلہ کے وقت وہ ایک پارک میں خیمہ زن تھی۔ اسے محسوس ہوا کہ اس کے پیروں تلے زمین پھٹ جائے گی۔ وہ اپنے 7 سالہ لڑکے کو تھامے حواس باختہ نظر آئی ۔ زلزلہ پیش آنے سے چند گھنٹے قبل امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے ترکیہ میں کہا کہ واشنگٹن حکومت 6 فبروری کے تباہ کن زلزلہ کی بربادی سے سنبھلنے میں انقرہ حکومت کی مدد کرے گی۔ ترک صدر طیب اردغان نے کہا کہ زلزلہ سے متاثرہ 11 صوبوں میں 2 لاکھ اپاٹمنٹس کی تعمیر آئندہ ماہ شروع ہوگی۔