ترکی : اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کا منصوبہ ناکام 15 اسرائیلی جاسوس گرفتار

   

استنبول : ترکی نے اپنی سرزمین پر اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کا منصوبہ ناکام بنا کر اس کے 15 جاسوس بھی گرفتار کر لیے ہیں۔ یہ کامیاب آپریشن ترکی کی نیشنل انٹیلی جنس آرگنائزیشن (ایم آئی ٹی)نے کیا ہے جس کے ذریعہ تقریباً 200 منظم نیٹ ورکس بے نقاب کیے گئے ہیں۔ترکی کے موقر اخبار صباح کے مطابق اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے جاسوس 7 اکتوبر کو کیے جانے والے ایک خفیہ آپریشن کے ذریعے گرفتار کیے گئے ہیں۔ آپریشن ترکی کے چار مختلف صوبوں میں بیک وقت کیا گیا تھا۔ترکی کی انٹیلی جنس آرگنائزیشن نے اس آپریشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ایک سال کا صبر آزما وقت گزارا۔ترکی کی ایم آئی ٹی نے اس عرصے کے دوران اسرائیلی جاسوسوں کی انتہائی خفیہ طور پر نگرانی کی، ان کے متعلق تفصیلی معلومات جمع کیں اور پھر تمام ثبوت و شواہد اکھٹے کرنے کے بعد کارروائی عمل میں لائی۔