انقرہ/ تہران /14 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ترکی نے شمالی عراق میں کرد ملیشیا کے خلاف ایک نیا آپریشن شروع کردیا۔ تْرک وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن کردستان ورکرزپارٹی کے عسکریت پسندوں اور ان کے ٹھکانوں کے خلاف کیا جا رہا ہے۔ وزارت دفاع کے مطابق عراق میں شروع کردہ کارروائی کو آپریشن کلچ 2 کا نام دیا گیا ہے۔ اس آپریشن کے دوران عراق کے ہاکورک کے مقام پر کرد ملیشیا کے ٹھکانوں، بنکروں اور دیگر مراکز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ عراق میں کرد باغیوں کے خلاف ترک فوج نے جمعہ کی شام نیا آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ آپریشن میں توپ خانے کے ساتھ کردوں کے ٹھکانوںپر فضائی حملے بھی کیے جا رہے ہیں۔ گزشتہ مئی میں ترک فوج نے آپریشن کلچ 1 شروع کیا تھا، جس میں عراق میں غارا، زاب اور افشین کے مقامات پر کردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا۔
