انقرہ ؍ بڈاپسٹ: ترک صدر طیب اردغان اور ہنگری کے وزیر اعظم اوربان نے دفاع اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مزید بہتر کرنے کا عہد کیا ہے۔ ترکی اور ہنگری ناٹو میں سویڈن کی رکنیت کے خلاف رہے ہیں، تاہم اس موضوع پر کھل کر کوئی بات نہیں کی۔ ترک صدر رجب طیب اردغان نے پیر کے روز ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ کا دورہ کیا، جہاں ان کا فوجی اعزاز کے ساتھ استقبال کیا گیا اور ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ گزشتہ چار ماہ میں ترک صدر کا ہنگری کا یہ دوسرا دورہ تھا، جو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر ہوا۔ دونوں ممالک ناٹو میں سویڈن کی رکنیت کی مخالفت کرتے رہے ہیں، تاہم اس موقع پر کسی بھی رہنما نے عوامی تبصروں میں اس موضوع پر بات نہیں کی۔ البتہ ہنگری کے صدر کاتالین نوواک، جو اس سفر میں اردغان کے ساتھ تھے، نے اتنا کہا کہ دونوں ممالک نے ناٹو کی توسیع کے حوالے سے نجی طور پر بات کی ہے۔