انقرہ ۔ 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) ترک پارلیمنٹ میں ’خصوصی گارڈز‘ کے حوالے سے منظور کیے گئے ایک متنازعہ بل پر انسانی حقوق کے اداروں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ چہارشنبہ کو منظور کیے گئے اس قانون کے تحت اب رات کے وقت گشت کرنے والی خصوصی فورس کے اختیارات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ناقدین کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردغان اس عمل سے ایک ’وفادار فورس‘ بنانا چاہتے ہیں۔ نئے قانون کے مطابق اب یہ خصوصی نائٹ فورس آتشی اسلحہ رکھ سکتی ہے جبکہ اسے مشتبہ لوگوں کو روک کر ان کی تلاشی لینے کے اختیارات بھی حاصل ہوں گے۔ جولائی 2016 میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد اردغان نے اس فورس میں اصلاحات کے ذریعے اس کے اہلکاروں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا ہے۔