اقوام متحدہ:جموں و کشمیر کے حوالہ سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کے بیان پر اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل نمائندہ ٹی ایس تریمورتی نے سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی کو دوسرے ممالک کی خودمختاری کااحترام کرنا سیکھنا چاہئے ۔تریمورتی نے ٹوئٹ کیا‘‘ہم نے مرکز کے زیر کنٹرول ریاست جموں اور کشمیر کے حوالہ سے صدر ترکی کے بیان کو پڑھا ہے اوران کا ہندوستان کے اندرونی معاملات میں ان کی مداخلت قطعی طور پر ناقابل قبول ہے ۔ ترکی کو دوسرے ممالک کی خودمختاری کا احترام کرنا سیکھنا چاہئے ، اور اپنی پالیسیوں پر غور کرنا چاہئے ’’۔خیال رہے ترک صدر رجب طیب اردغان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے کشمیر پر ایک بار پھر کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ایک سلگتا ہوا مسئلہ ہے اور جموں و کشمیر کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے والے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد مسئلہ اور بھی سنگین ہوگیا ہے ۔