تل ابیب: اسرائیلی حکومت نے ترکی کے ساتھ غیر سرکاری رابطوں کا آغاز کر دیا ہے۔ اس کا مقصد اس بات کا تعین کرنا ہے کہ ترکی کی نیت اور ارادے میں کتنی سچائی ہے۔ یہ بات دو اسرائیلی ذمہ داران نے بتائی۔ گذشتہ ہفتے ترکی صدر رجب طیب اردغان نے اعلان کیا تھا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات بہتر بنا نا چاہتے ہیں۔اسرائیل اور ترکی جو ایک دوسرے کے قریبی حلیف تھے ان کے درمیان تعلقات کا بگاڑ 2008ء میں شروع ہوا اور پھر یہ مستقل بحرانی صورت اختیار کر گیا۔ گذشتہ کئی ہفتوں سے ترکی سے اسرائیل کو اشارے بھیجے جا رہے تھے جن کا مقصد تعلقات کی بحالی ہے۔گذشتہ جمعے اردغان نے کہا کہ ترکی نے انٹیلی جنس چینلوں کے ذریعے اسرائیل کے ساتھ تعلقات برقرار رکھے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ترکی فلسطینیوں کے حوالے سے اسرائیلی پالیسی کو قبول نہیں کر سکتا۔