انقرہ: ترکی کی ایک عدالت نے ترک صحافی جان دندار کو دہشت گردی کی مبینہ حمایت کرنے اور ’فوجی یا سیاسی جاسوسی‘ کے الزام میں 27 برس سے زائد قید کی سزا سنائی ہے۔ حکومت مخالف ترک اخبار ‘جمہوریت‘ کے سابق ایڈیٹر ان چیف جان دندار پر دہشت گردی اور جاسوسی کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ وہ ایک ناکام بغاوت کے بعد صحافیوں کے خلاف انقرہ حکومت کی کارروائیوں کے دوران سن 2016 میں ترکی سے بھاگ کر جرمنی چلے آئے تھے۔استنبول کی ایک عدالت نے چہارشنبہ کے روز دندار کو سرکاری رازوں کو سیاسی مقاصد کے لیے حاصل کرنے یا فوجی جاسوسی کرنے کے جرم میں 18 برس اور نو ماہ قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے ایک مسلح دہشت گرد تنظیم کی، جس کے وہ رکن نہیں تھے، حمایت کرنے کے جرم میں انہیں مزید آٹھ برس اور نو ماہ قید کی سزا بھی سنائی۔