ترکی میںبرفانی تودہ گرنے سے 38افراد ہلاک

   

انقرہ،6فروری (سیاست ڈاٹ کام) برفانی تودے گرنے سے ترکی کے مشرقی حصہ میں 38 افراد ہلاک اور 53 زخمی ہوگئے ۔عالمی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ایران کی سرحد کے قریب ترکی کے مشرقی صوبہ وین میں پیش آیا، جہاں گزشتہ روز مسافر بس برفانی تودے کی زد میں آگئی تھی۔ اس واقعہ میں 5 افراد ہلاک ہوئے تھے ۔حادثے میں لاپتہ ہونے والے کچھ افراد کو بچاؤ کرنے کے لئے آپریشن جاری تھا کہ اس دوران دوسرا برفانی تودہ گر گیا جس کے نتیجے میں مزید 33 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے ۔ہلاک اور مرنے والوں میں فوجی اور ریسکیو اہلکار بھی شامل ہیں۔صوبہ وین کے گورنر نے حادثے کے مقام پر پھنسے افراد کی حتمی تعداد بتانے سے گریز کر تے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کے مقام پر ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔