ترکی میں اپوزیشن امیدوار کو میئر انتخابات میں کامیابی

   

استنبول ۔ 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر ترکی رجب طیب اردغان کیلئے گذشتہ اتوار مبارک ثابت نہیں ہوا کیونکہ استنبول کے میئر کے عہدہ کیلئے منعقد کروائے گئے انتخابات جو تنازعہ کا شکار ہوگئے تھے، میں اپوزیشن امیدوار کی جیت نے انہیں (اردغان) مایوس کردیا۔ یاد رہیکہ اکرام امام اوغلو نے مارچ میں منعقدہ میئر انتخابات میں 13000 ووٹوں سے اردغان کے پسندیدہ امیدوار بن علی یلدرم پر جیت حاصل کی تھی۔ بن علی یلدرم نے انتخابی نتائج کو چیلنج کیا تھا جس کے بعد میئر کے عہدہ کیلئے دوبارہ رائے دہی کا انعقاد عمل میں آیا تھا۔ امام اوغلو کی جیت کو دھاندلی اور دھوکہ دہی سے تعبیر کرتے ہوئے انتخابی نتائج کو ماننے سے انکار کردیا گیا تھا جب سے امام اوغلو نے بھی عزم کرلیا تھا کہ وہ ’’جمہوریت کی جنگ‘‘ جاری رکھیں گے اور اس کے بعد جب دوبارہ انتخابات منعقد کئے گئے تو اتوار کی شب تک 99 فیصد بیالٹس کی گنتی کے بعد امام اوغلو کو 775,000 ووٹس حاصل ہوئے یعنی 55 فیصد جبکہ بن علی یلدرم کو 45 فیصد ووٹس حاصل ہوئے۔ اس موقع پر امام اوغلو نے کہا کہ یہ صرف کسی واحد پارٹی کی جیت نہیں بلکہ پورے استنبول اور پورے ترکی کی جیت ہے۔