انقرہ ۔29 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) عالمی وبا کووڈ ۔19 سے شدید متاثر ترکی میں کورونا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس کے مدنظر ملک کی قومی فضائی کمپنی ترک ایئرلائن نے 28 مئی تک کیلئے اپنی سبھی قومی اور بین الاقوامی پروازیں ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ترکی کے وزیر صحت فرحتین کوکا نے منگل کے روز بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا انفکشن کے 2392 نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ اس دوران 92متاثرین کی موت ہوچکی ہے ۔ کوکا نے ٹوئیٹ کرکے بتایا کہ ترکی میں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر 114653 ہوگئی ہے جبکہ اس انفیکشن سے اب تک 2992 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ترکی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29230 لوگوں کی جانچ کی گئی ہے ۔ ملک میں اب تک مجموعی طور پر 948115 لوگوں کی جانچ ہوئی ہے ۔ترکی میں 38809 لوگ اس انفیکشن سے مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 1621 مریضوں کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے ۔