ترکی میں ’’خلائی کباب‘‘ کی تیاری

   

استنبول: ترکی میں بنائے گئے ’’خلائی کباب‘‘ پچھلے چند دنوں میں سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہوئے ہیں کیونکہ اسے ہیلیم کے ایک بڑے غبارے سے باندھ کر 100 کلومیٹر اونچائی تک بھیجنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا تھا۔ خبروں کے مطابق، جنوبی ترکی کے شہر ادانا میں ایک ریسٹورینٹ کے مالک، یاسر ایدین اور مقامی تاجر ادریس البیراک نے مشترکہ طور پر یہ مظاہرہ کیا تھا۔ یاسر ایدین کے ریسٹورینٹ میں ’’پائپ کباب‘‘ متعارف کروایا گیا ہے جسے بھیڑ کے قیمے سے تیار کیا جاتا ہے۔ عام سیخ کباب کے برعکس، پائپ کباب میں چوکور دھاتی پائپ کے گرد بھیڑ کا مصالحہ دار قیمہ لپیٹا جاتا ہے۔ 12 اپریل کو عالمی خلائی دن منانے کے لیے ادریس البیراک نے یہی پائپ کباب ایک بڑے ہیلیم غبارے میں باندھا جو آہستہ آہستہ اوپر اٹھتا ہوا 100 کلومیٹر کی اونچائی تک پہنچ گیا، جہاں زمینی کرہ ہوائی ختم ہوجاتا ہے۔