استنبول ۔ 12 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے شہر استنبول کے قریب ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کرتباہ ہوگیاجس کے نتیجے میں کم سے کم چار فوجی ہلاک ہوگئے۔خبر رساں اداروں کے مطابق یہ حادثہ شہر کے مشرقی علاقے ’جیکمیکوی‘ میں ہنگامی لینڈنگ کے دوران پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر کریش ہونے کے نتیجے میں اس میں موجود چار فوجی زخمی ہوگئے تھے۔ انہیں ہاسپٹلس میں منتقل کردیا گیا تھا۔شہر کے گورنر علی یرلیکایا کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے فوجیوں کو تشویشناک حالت میں ہاسپٹل منتقل کیا گیا مگر وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ ترک ٹیلی ویژن چینلوں پر تباہ شدہ ہیلی کاپٹر اور جائے وقوعہ سے اٹھتا دھواں دکھایا گیا ہے۔ گذشتہ برس نومبر میں ترکی کا ایک ہیلی کاپٹر استنبول کی ایک سڑک پر ہنگامی لینڈنگ کے دوران تباہ ہوگیا تھا جس میں 4 فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔