ترکی میں ناکام بغاوت کے پانچ سال کی تکمیل پر شہیدوں کو خراج

   

قونصل خانہ حیدرآباد میں تقریب ، قونصل جنرل ڈاکٹر عدنان کا خطاب
حیدرآباد ۔ /15 جولائی (سیاست نیوز) ترکی میں ناکام بغاوت کے 5 سال کی تکمیل کے موقع پر ترکی کے قونصل خانہ متعینہ حیدرآباد میں ایک پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ اس موقع پر قونصل جنرل ڈاکٹر عدنان التے التیزس ایک مختصر سے خطاب میں کہا کہ /15 جولائی 2016 ء کو ترکی میں عسکریت پسند تنظیم کی جانب سے ناکام بغاوت کی گئی تھی جسے وہاں کے بہادر شہریوں نے اسے ناکام بنادیا تھا ۔ قونصل جنرل نے کہا کہ یہ سازش بڑے پیمانے پر کی گئی تھی اور اس کے پس پردہ دہشت گرد تنظیم FETO ہے جس نے وہاں کی فوج کو اکساکر بغاوت کی ناکام کوشش کی تھی ۔ ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ ترکی ایک جمہور ی ملک ہے اور عوام نے اپنے ملک کی حفاظت کیلئے جانوں کی قربانی دیتے ہوئے سازش کا منہ توڑ جواب دیا تھا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترکی میں بغاوت کی کوشش کرنے والے کئی افراد کے خلاف کارروائی کی گئی تھی اور انہیں سزاء بھی سنائی گئی ۔ ترکی کے قونصل جنرل نے کہا کہ وہ ترکی کی عوام کے جذبہ کی قدر کرتے ہیں ۔ اس موقع پر شہیدوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی منائی گئی ۔ اس پروگرام میں برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر مسٹر اینڈریو فلیمنگ ‘ مسٹر محمد سلیمان ککر قونصل جنرل افغانستان اور مسٹر سریش چکاپلی قونصل جنرل کوریا کے علاوہ شہر کے معزز شخصیتوں نے شرکت کی ۔