ترکی میں 9 فلسطینی پراسرار طورپر لاپتہ ،کوئی سراغ نہیں ملا

   

استنبول :ترکی میں ایک خاتون سمیت کم سے کم 9 فلسطینی ایک ماہ کے اندرپراسرار طور پر ترکی میں لاپتہ ہو گئے ہیں۔ ان کے اہل خانہ کی اپیلوں اور فلسطینی حکام کی جانب سے اس معاملے کی پیروی کے باوجود ان کا سراغ نہیں لگایا جاسکا ہے۔میڈیا میںآنے والی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ ترکی میں فلسطینی کمیونٹی کے دو افراد نے انکشاف کیا کہ آغاز میں ایک ماہ قبل 4 فلسطینی استنبول شہر میں اچانک لاپتہ ہوگئے تھے۔کچھ دن بعد ایک اور کیس میں قونیا شہر سے ایک فلسطینی غائب ہوا۔ دو فلسطینی یونان ترکی سرحد کے قریب جب کہ ایک خاتون چند روز قبل استنبول سے لاپتہ ہوئی ہے۔دونوں ذرائع نے مزید بتایا کہ لاپتہ ہونے والے غزہ کی پٹی کے الشاطی پناہ گزین کیمپ سے تعلق رکھنے والے احمد القیشاوی شامل ہیں جو گذشتہ 25 ستمبر کو اسٹروٹ کے علاقے میں غائب ہوا۔ عبدالرحمن ابو نواح الخلیل سے تعلق رکھتے ہیں۔وہ بھی 25 ستمبر سے استنبول کے علاقے بیلیک میں غائب ہے۔