انقرہ 27 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ترکی نے جرمنی کی طرف سے شمالی شام میں ایک بین الاقوامی سکیورٹی زون کے قیام کی تجویز رد کر دی ہے۔ ترک وزیر خارجہ میلود چاوش اولو نے انقرہ کے دورے پر گئے جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس سے ملاقات کے بعد جرمنی کی تجویز کو غیرحقیقت پسندانہ قرار دیا۔ جرمن حکومت شام میں ترک فوجی کارروائی کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی سمجھتی ہے اور وہاں ترک فوجوں کے مستقل قیام کے خلاف ہے۔ لیکن ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ اس مسئلے میں اب صرف ترکی ہی نہیں بلکہ شام، روس اور دیگر ممالک بھی فریق ہیں۔ ترکی نے پچھلے ہفتے روس کے ساتھ مل کر شمالی شام میں پر آک سمجھوتہ کیا تھا، جس پر جرمنی نے نکتہ چینی کی ہے۔