انقرہ ۔ 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) ترکی نے لیبیا میں جنگ بندی کے لیے مصر کی پیش کش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بظاہر یہ باغی فوجی کمانڈر جنرل خلیفہ حفتر کو بچانے کی کوشش ہے۔لیبیا میں گزشتہ کئی ہفتوں سے گورنمنٹ آف نیشنل اکارڈ کی فورسز اور لیبین نیشنل آرمی کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔لیکن حالیہ دنوں میں ترکی کی معاونت سے سرکاری فوج نے خلیفہ حفتر کی فوج کے خلاف کامیاب کارروائیوں کے بعد کئی علاقوں کا قبضہ اْن سے چھڑا لیا ہے۔دارالحکومت طرابلس سمیت لیبیا کے کئی علاقوں میں گورنمنٹ آف نیشنل اکارڈ کی حکومت قائم ہے جس کے وزیرِ اعظم فیض السراج ہیں۔ اقوامِ متحدہ، امریکہ اور ترکی سمیت کئی ملک اس حکومت کے حمایتی ہیں۔اس کے برعکس مصر، متحدہ عرب امارات اور روس جنرل خلیفہ حفتر کی حمایت کر رہے ہیں۔