انقرہ: ترکی کو یورپی یونین کی طرف سے نئی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس کی وجہ قدرتی گیس کی تلاش کے تنازعہ میں یونان اور قبرص کے لیے ترکی کی اشتعال انگیز پالیسیاں بن سکتی ہیں۔ یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل نے برسلز میں کہا کہ انقرہ کی جانب سے یک طرفہ اقدامات اور دشمنانہ پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ لہٰذا یورپی یونین کے اگلے اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یونان اور قبرص نے ترکی پر مشرقی بحیرہ روم میں قدرتی گیس کے ذخائر کی غیر قانونی طور پر تلاش کا الزام عائد کیا ہے۔ اس کے علاوہ ترک صدر رجب طیب اردغان نے حال ہی میں ترکی کے شمالی قبرص کے حصے کا دورہ کیا تھا۔