واشنگٹن: امریکہ نے خبردار کیا ہے کہ ترکی روسی ساختہ جدید ترین میزائل سسٹم
S-400
کے مزید تجربات سے باز رہے ورنہ سیکیورٹی تعلقات خطرے میں پڑسکتے ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی نے امریکی دباؤ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے گزشتہ روز روس سے خریدے گئے دنیا کے جدید ترین میزائل سسٹم
S-400
کا پہلا تجربہ کیا جو کامیاب رہا جس پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی محکمہ دفاع ‘‘پینٹاگان’’ نے ترکی کو خبردار کیا ہے کہ ان تجربات سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب ہوسکتے ہیں۔بیان میں ترکی کو امریکا کا اتحادی گردانتے ہوئے مزید کہا گیا ہے کہ اگر ترکی ہماری تنبیہ پر کان نہیں دھرتا اور اتحادی کی حیثیت سے ذمہ داریوں کی تعمیل نہیں کرتا تو اس سے خطے میں سیکیورٹی تعلقات بھی خطرے میں پڑسکتے ہیں۔ ترکی کے مزید میزائل تجربات امریکا اور نیٹو اتحادی ہونے کی وجہ سے عائد ہونے والی ذمہ داریوں سے متصادم ہوں گے۔ٹرمپ حکومت نے اس سے قبل روس سے
S-400
میزائل سسٹم خریدنے کی پاداش میں ترکی کیساتھ F-35 جنگی طیارے کی فراہمی، تکنیکی سہولت اور ترکی پائلٹس کی تربیت کے معاہدے معطل کردیئے تھے تاہم اس کے باوجود ترکی نے امریکی دباؤ کو مسترد کردیا۔