ماسکو ،7جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے اتوار کو کہا کہ ترکی کو امریکہ کے ساتھ معاہدے کے بغیر شام میں کسی بھی قسم کی فوجی مہم نہیں چلانا چاہئے ۔این بی سی نیوز کے مطابق مسٹر بولٹن نے صحافیوں سے کہاکہ ‘‘ہمیں نہیں لگتا کہ ترکی کو ایسی کوئی بھی فوجی کارروائی کرنی چاہئے جس میں امریکہ کی جانب سے مکمل طور پر تعاون اور حمایت نہ ہو۔ وہ کم سے کم ہمارے فوجیوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ جب تک ترکی اس بات کی یقین دہانی نہیں کرتا کہ وہ شامی کردش فوجیوں پر حملہ نہیں کرے گا تب تک شام سے امریکی فوجیوں کی واپسی نہیں ہوگی۔انہوں نے امریکی فوجیوں کی واپسی کے سلسلے میں کچھ شرائط رکھی گئی ہیں جن میں سے ایک یہ بھی ہے ۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے شام میں دولت اسلامیہ کے خلاف جاری جنگ میں فتح کا دعوی کرتے ہوئے امریکی فوجیوں کی واپسی کا اعلان کیا ہے ۔ دراصل، مسٹر ٹرمپ کے اس فیصلے پر اسرائیلی سمیت کئی ممالک نے تشویش ظاہر کی ہے ۔واضح رہے کہ شام میں دولت اسلامیہ کے خلاف جاری جنگ میں سال 2015 سے ہی دو ہزار سے زائد امریکی فوجی تعینات ہیں۔