بیروت۔ یکم ؍ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا کی قومی فوج کے سپریم کمانڈر اور پارلیمنٹ کے اسپیکر عقیلہ صالح نے ترکی کی دھمکیوں کے جواب میں پورے لیبیا میں فوج کو حرکت میں لانے اور عام چوکسی کا اعلان کیا ہے۔لیبیا کی فوج نے طرابلس میں ملیشیاؤں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔لیبیا کی قومی فوج نے اتوار کی شام طرابلس میں معیتیقیہ ایئرپورٹ کے رون وے پر ترکی کے ایک ڈرون طیارے کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔ اس کے علاوہ دو ترْک باشندوں کی گرفتاری کا بھی اعلان کیا گیا ہے جو ملیشیاؤں کی صفوں میں شامل ہو کر لڑ رہے تھے۔لیبیا کی قومی فوج کے مطابق ’بیرقدار‘ ماڈل کا مذکورہ ڈرون طیارہ ہماری مسلح افواج کے ٹھکانوں پر حملے کے واسطے تیار کیا گیا تھا۔ تاہم فضائیہ کے بہادروں نے گھات لگا کر اس کو نشانہ بنا ڈالا۔اس کارروائی کے بعد معیتیقہ کے ایئرپورٹ پر فضائی جہاز رانی کا سلسلہ رک گیا جو بعد میں پھر سے رواں دواں ہو گیا۔لیبیا کے ایک رکن پارلیمنٹ نے الحدث نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ترکی نے ہمارے ملک میں لوٹ کر آنے کی خواہش کی تو یہ ایک بڑی غلطی ہو گی۔