استنبول 27جولائی (یو این آئی) ترکی کے دو جنگلات میں زبردست آگ لگنے سے بڑی تعداد میں لوگ اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔مقامی افسران نے بتایا کہ ہفتے کے روز ملک کے برسا اور کارابوک صوبوں کے جنگلات آگ کی زد میں آ گئے ۔ تیز ہواؤں کے باعث آگ نے خوفناک شکل اختیار کر لی جس کے باعث بڑی تعداد میں لوگوں کو گھروں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا۔ سڑکوں پر کھڑی کئی گاڑیاں بھی آگ کی زد میں آ گئیں۔ترکی کے زراعت اور جنگلات کے وزیر ابراہیم یوماکلی نے ہفتے کے روز کہا کہ ملک بھر میں 76 مقامات پر آگ لگنے کے واقعات سامنے آئے ۔ انہوں نے آگ کی وجہ شدید گرمی اور ’ہائی رسک‘ حالات کو قرار دیا۔واضح ر ہے کہ ہفتہ کو برسا میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ اور کارابوک میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔ اگلے دو روز میں درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان ہے ۔