ترک حکومت نے ساڑھے چار ہزار شامی مہاجرین کو مختلف مقامات پر بھیج دیا

   

انقرہ ۔ ترک حکومت نے دارالحکومت انقرہ کے نواح میں مقیم ساڑھے چار ہزار شامی مہاجرین کو دیگر مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔ گزشتہ موسم گرما میں انقرہ میں مشتعل جتھوں کے حملوں میں توڑ پھوڑ کے واقعات پیش آئے تھے۔ وزارت داخلہ کے مطابق مہاجرین کی دیگر مقامات پر منتقلی کا یہ عمل ان کی رضامندی سے مکمل کیا گیا جب کہ اس کے عوض انہیں کچھ مراعات بھی دی گئیں۔ ترک حکومت کا منصوبہ ہے کہ کسی بھی علاقہ میں مہاجرین کا ارتکاز زیادہ نہ ہونے پائے۔ جمعرات کے روز ترک وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ ترکی کے وہ تمام علاقے جہاں شامی مہاجرین کی تعداد مقامی آبادی کے ایک چوتھائی کے برابر ہے، وہاں رہائش کے لیے مزید مہاجرین کو قبول نہیں کیا جائے گا۔