انقرہ : ترک عہدیداروں کا ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد اسرائیلی صدر اسحاق ہرتسوگ کے دورہ ترکی سے قبل ملاقاتوں کے لئے بیت المقدس پہنچ گیا ہے۔اسرائیلی حکومت کے مطابق “ترک عہدیداروں نے اسرائیلی صدر کے دورہ ترکی کی تیاریوں، دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور دیگر علاقائی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر اسرائیلی صدر نے ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے سینئر مشیر ابراہیم قالن اور نائب وزیر خارجہ سیدات اونال سے ملاقات کی۔اسرائیلی صدارتی دفتر اور وزارت خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں بتایا گیا کہ ترکی اور اسرائیل دونوں کا خطے میں اثر و رسوخ ہے اور دونوں نے خطے میں استحکام کے لئے تعلقات کی بحالی پر اتفاق کیا ہے۔ پچھلے ماہ کے دوران ترک صدر نے ایک ٹی وی انٹرویو میں اسرائیلی ہم منصب کے دورہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس دورے کی مدد سے اسرائیل اور ترکی کے درمیان تعلقات کا ایک نیا باب کھولنے میں مدد ملے گی۔ترکی کے سرکاری ٹی وی کے مطابق اسرائیلی صدر 9 اور 10 مارچ کو انقرہ کا دورہ کریں گے مگر اسرائیل نے اب تک تاریخ کی تصدیق نہیں کی ہے۔