ترک وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کا پاکستان کا دورہ

   

اسلام آباد، 9 جولائی (یو این آئی) ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فیدان اور وزیر دفاع یشار گُلر آج صبح سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، دونوں وزرا پاکستان حکام سے اہم ملاقاتوں میں دوطرفہ امور پر بات چیت کریں گے ۔دفتر خارجہ کے مطابق وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری برائے مغربی ایشیا سفیر سید علی اسد گیلانی نے ترک وزرا کا استقبال کیا۔دفتر خارجہ نے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ‘پاکستان میں ترک وزرا کے سرکاری دورے کے دوران باہمی دلچسپی کے تمام اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے ، جو مشترکہ تاریخ، ثقافت اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں’۔پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات مذہبی، ثقافتی، تاریخی اور باہمی احترام پر مبنی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔منگل کو پاکستان نے عراق میں ‘کلا لاک آپریشن’ کے دوران میتھین گیس سے دم گھٹنے کے واقعے میں 12 ترک فوجیوں کی شہادت پر ترکیہ سے اظہار تعزیت کیا۔دفتر خارجہ نے ایک پیغام میں کہا کہ ‘ہم شہدا کیلئے اللہ تعالیٰ کی رحمت اور لواحقین کیلئے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔گزشتہ ہفتے آذربائیجان کے شہر خانقندی میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) سربراہی اجلاس کے موقع پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے تجارت، توانائی، دفاع، رابطہ کاری اور سرمایہ کاری جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے پر اتفاق کیا، پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کیلئے ترکیہ کے ساتھ قریبی اشتراک عمل جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔فروری میں ترک صدر اردوان نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا، جس دوران دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔