اگر تلہ: 22 جون (یواین آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی تریپورہ حکومت نے بائیں محاذ کے 35 سالہ اور کانگریس کے 5 سالہ دور حکومت کے دوران سیاسی تشدد میں مارے گئے افراد کے اہل خانہ میں سے اہل 18 افراد کو سرکاری نوکریاں فراہم کی ہیں۔ یہ اطلاع پارلیمانی امور کے وزیر رتن لال ناتھ نے دی۔وزیر موصوف نے بتایا کہ یہ تقرریاں مختلف سرکاری محکموں میں مستقل اسامیوں پر کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں بی جے پی-آئی پی ایف ٹی اتحاد کے اقتدار میں آنے کے بعد حکومت نے ایسے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے یہ قدم اٹھایا۔ اب تک 39 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں سے 18 کو نوکریاں دی گئی ہیں۔اس سے قبل ریاستی حکومت نے سیاسی تشدد میں مارے گئے افراد کے اہل خانہ کو ملازمتیں دینے کے لیے درخواستوں کی جانچ کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی تھی، جس کی صدارت وزیر رتن لال ناتھ کر رہے ہیں۔ کمیٹی میں سینئر افسران اور پولیس اہلکار شامل ہیں، جو ضلعی مجسٹریٹ اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی رپورٹ کی بنیاد پر درخواستوں کی جانچ کرتے ہیں۔