تریپورہ میں تہوار کے چندے پر تنازعہ، فرقہ وارانہ تصادم

   

Ferty9 Clinic

اگرتلہ، 11 جنوری (یو این آئی): تریپورہ کے اُناکوٹی ضلع کے پھاتک رائے کے سَیدرپار گاؤں سے فرقہ وارانہ تشدد بھڑکانے کے الزام میں نو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ یہ تشدد ہفتہ کے روز ایک مقامی تہوار کے لیے چندہ جمع کرنے کے معاملے پر ہونے والے جھگڑے کے نتیجے میں پیش آیا تھا۔ ضلع مجسٹریٹ تمال مجمدار نے بتایا کہ پولیس نے واقعے کی جانچ شروع کر دی ہے تاہم مرکزی ملزم تاحال پولیس کی گرفت سے باہر ہے ۔
متاثرہ علاقے میں عارضی طور پر پولیس تعینات کر دی گئی ہے اور سکیورٹی گشت بھی بڑھا دی گئی ہے ۔ جھڑپ کے دوران کم از کم تین افراد کو معمولی چوٹیں آئیں جبکہ مشتعل ہجوم نے چار گاڑیوں، ایک دکان اور ایک مکان کو آگ لگا دی۔ اس کے علاوہ اس بدامنی کے دوران ایک عبادت گاہ کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔ ضلع انتظامیہ نے ہر متاثرہ خاندان کو فوری امداد کے طور پر 5,000 روپے فراہم کیے ہیں۔ حکومت نے نقصان کے مکمل جائزے کے بعد قانونی ضوابط کے مطابق مزید امداد دینے کا وعدہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق اتوار کے روز تریپورہ کے اُناکوٹی ضلع کے فاتک رائے پولیس اسٹیشن کے تحت شِمولتلا علاقے میں کشیدگی برقرار رہی۔ ایک مقامی تہوار کے لیے ٹرک ڈرائیور سے متعلق چندے کے تنازعے پر دو برادریوں کے درمیان جھڑپ کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے تھے ۔ قابل ذکر ہے کہ صورتحال اس وقت مزید بگڑ گئی جب گاؤں والوں کے ایک گروہ نے چندہ جمع کرنے والوں پر حملہ کر دیا اور مبینہ طور پر اسمگل شدہ سامان لے جانے والے ٹرک کو زبردستی چھڑانے کی کوشش کی۔