نئی دہلی / اگرتلہ : تریپورہ میں حالیہ ہفتوں کے دوران مسلمانوں اور ان کے مذہبی مقامات حتی کہ مکانات و دوکانات پر ہندوتوا عناصر کے حملوں کے پس منظر میں مختلف جہدکاروں اورانسانی حقوق کی تنظیموں نے حقائق کا پتہ چلانے اگرتلہ اور تریپورہ کے دیگر مقامات پر دورہ کیا ہے ۔ پریس کلب آف انڈیا میں ایک رپورٹ جاری کی گئی جسے سپریم کورٹ کے وکلاء احتشام ہاشمی ، ایڈوکیٹ امیت سریواستو ، ایڈوکیٹ انصار اندوری و دیگر نے تیار کیا ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ آر ایس ایس اور اس کی محاذی تنظیموں کی سرپرستی میں شرپسند عناصر نے مسلم مفادات کو نقصان پہنچایا ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہندوتوا عناصر کو مرکز میں برسراقتدار بی جے پی نے کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ۔ دریں اثناء تریپورہ اسمبلی اسپیکر نے بی جے پی ایم ایل اے آشیش داس کو نااہلیت کی نوٹس جاری کی ۔ داس اتوار کو ترنمول کانگریس میں شامل ہوگئے ۔ بی جے پی کی سرپرستی میں شرپسندانہ سرگرمیوں کے پس منظر میں آشیش داس کا بی جے پی چھوڑادینا نمایاں اقدام ہے ۔