………. ترے کوچے سے ہم نکلے طلبا کا احتجاج ‘ گورنر یونیورسٹی سے واپس

   

کولکتہ 28 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکر کو آج طلبا کے ایک گروپ نے کلکتہ یونیورسٹی کے سالانہ کانوکیشن میں حصہ لینے سے روک دیا جس کے بعد گورنر وہاں سے گئے ۔ دھنکر یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں۔ طلبا کے احتجاج اور گورنر کی واپسی کے بعد یونیورسٹی کی وائس چانسلر سونالی چکراورتی بندوپادھیائے نے اپنی بے بسی کا اظہار کیا اور کہا کہ طلبا کا ایک گروپ گورنر کے ہاتھ سے اپنی ڈگریاں لینا نہیں چاہتا تھا ۔ گورنر کی تقریب میں شرکت کیلئے آمد کے ساتھ ہی طلبا نے ’ نو سی اے اے ‘ ’ نو این آر سی ‘ کے پوسٹرس دکھائے اور گورنر کو سیاہ پرچم دکھائے گئے ۔ ان کے خلاف ’ واپس جاو‘ کے نعرے بھی لگائے گئے ۔ پروگرام شروع ہونے سے چند منٹ قبل ہی طلبا کے ایک اور گروپ نے اسٹیج پر پہونچ کر گورنر کے خلاف نعرہ بازی کی جس کے بعد گورنر وہاں سے روانہ ہوگئے ۔ احتجاجیوں نے الزام عائد کیا کہ گورنر بی جے پی کے نمائندے ہیںاور انہیں یہاں نہیںہونا چاہئے ۔