خاطیوں کو سخت سزا دینا چاہئے، احتجاجی کسانوں کی حمایت برقرار : چیف منسٹر دہلی
نئی دہلی : چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج کہاکہ یوم جمہوریہ پر تشدد ’’بدبختانہ ہے‘‘ لیکن اس سے تین زرعی قوانین کے خلاف جاری کسانوں کی تحریک ختم نہیں ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تشدد کیلئے ذمہ دار عناصر کو سخت ترین سزا دینا چاہئے۔ عام آدمی پارٹی کی نویں نیشنل کونسل میٹنگ سے خطاب میں کجریوال نے کہا کہ زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا احتجاج ان کیلئے بقاء کی جنگ ہے۔ تشدد کی کوئی تائید نہیں کرتا لیکن تشدد کے نتیجہ میں متنازعہ قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک کا خاتمہ نہیں ہوگا۔ وسائل برقرار ہے لہٰذا یہ تحریک ختم نہیں ہوسکتی۔ ہمیں پرامن طور پر احتجاجی کسانوں کی تائید برقرار رکھنا ہوگا۔ کجریوال نے کہا کہ جو کوئی حالات بگاڑنے کا ذمہ دار ہے اور میں نہیں کہہ رہا ہوں کہ یہ وہ لوگ ہیں جن کے خلاف پولیس نے فرضی مقدمات درج کرلئے ہیں، وہ حقیقی خاطیوں کو سزا ملنا چاہئے۔ کوئی بھی ذمہ دار ہو، کوئی بھی پارٹی پس پشت ہو، ان کے خلاف کارروائی ہونا چاہئے۔ عام آدمی پارٹی نے زرعی قوانین کے خلاف احتجاجی کسانوں کی حمایت میں ٹھوس تائید کا اظہار کیا۔