بعض دکانات کی دوبارہ کشادگی۔ اسکولس 7 مارچ تک بند ۔ سرکاری امتحانات کا شیڈول برقرار
نئی دہلی ، 29 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) تشدد سے بُری طرح متاثر شمال مشرقی دہلی کے علاقوں میں معمول کی صورتحال میں بحالی کے ہفتہ کو کچھ آثار دکھائی دیئے جب لوگ اپنے گھروں سے باہر نکلے۔ انھوں نے ضروری اشیاء اور ادویات کی چند دکانات سے خریداری کی جو سکیورٹی پرسونل کی سخت طلایہ گردی کے درمیان کھولی گئی ہیں۔ صبح سے ہی بلدی کرمچاریوں کو تشدد کے نتیجے میں بکھرے پڑے اینٹوں، کانچ کے ٹکڑوں اور جلی ہوئی گاڑیوں کوسڑکوں سے صاف کرتے دیکھا گیا۔ تین روز کے سنگین تشدد میں کم از کم 42 افراد ہلاک ہوگئے اور زائد از 200 زخمی ہوئے ہیں۔ بعض مقامات پر بلڈوزرس کو تک استعمال کرنا پڑا کیونکہ کرمچاریوں کیلئے ملبہ ہٹانا مشکل ہورہا تھا۔ فرقہ وارانہ تشدد میں بدترین متاثرہ علاقوں میں شامل جعفرآباد، موج پور، یمنا وہار، چاند باغ، مصطفیٰ آباد اور بھجن پورہ میں گزشتہ پانچ دنوں کے مقابل سڑکوں پر زیادہ گاڑیاں اور لوگ دیکھنے میں آئے، حالانکہ اسکولس اور زیادہ تر دکانات بند رہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ اسکولس شمال مشرقی دہلی میں 7 مارچ تک بند رہیں گے اور سالانہ امتحانات کو ملتوی کیا گیا ہے کیونکہ حالات سازگار نہیں ہیں۔ البتہ سنٹرل بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) نے دہرایا کہ سرکاری امتحانات برائے 10 ویں اور 12 ویں جماعت شیڈول کے مطابق 2 مارچ سے منعقد کئے جائیں گے۔ دہلی پولیس اور پیراملٹری فورسیس کے پرسونل نے لوگوں کو ترغیب دی کہ اپنی دکانات کھولیں اور امن و فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ انھوں نے اپنا مارچ جعفرآباد میں شروع کیا اور موج پور سے گزرتے ہوئے نور الٰہی، یمنا وہار اور بھجن پورہ علاقوں کی تنگ گلیوں میں گئے جہاں اِس ہفتے کے اوائل پُرتشدد ہجوموں نے غنڈہ گردی کرتے ہوئے دکانات، مکانات میں توڑ پھوڑ کی اور گاڑیوں کو آگ لگائی تھی۔ کارگزار سربراہ دہلی پولیس ایس این سریواستو نے کہا کہ اُن کی ترجیح قومی دارالحکومت میں امن کی بحالی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو یقینی بنانا ہے۔ امولیا پٹنائک کے ریٹائرمنٹ کے بعد دہلی پولیس کمشنر کی حیثیت سے جائزہ لینے کے فوری بعد اعلیٰ عہدہ دار نے کہا کہ وہ عوام تک بڑے پیمانے پر رسائی کا پروگرام شروع کرچکے ہیں اور سینئر آفیسرس ہر کمیونٹی کے لوگوں سے مل کر بات کررہے ہیں تاکہ ان میں اعتماد بحال کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ تشدد میں ملوث تمام افراد کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ ایک سینئر افسر نے کہا کہ دہلی پولیس نے 167 ایف آئی آر درج کئے اور 885 افراد کو گرفتار یا محروس کیا ہے۔