تشدد پر مبنی فلموں کی حکومت کی جانب سے حوصلہ افزائی افسوسناک: ڈاکٹر نارائنا

   

سماج کیلئے فائدہ مند فلموں کی ضرورت، فلم ایکٹرس کے روڈ شو پر پابندی عائد کی جائے
حیدرآباد ۔26۔ڈسمبر (سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ ایسی فلموں کی حوصلہ افزائی کرے جو سماج کی بھلائی کیلئے تیار کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر ایسی فلمیں حکومت کی سرپرستی حاصل کر رہی ہے جو سماج کے لئے فائدہ مند سے زیادہ نقصان دہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سماج کیلئے بہتر پیام سے متعلق فلموں کی حوصلہ افزائی نہ ہونے کے نتیجہ میں پروڈیوسرس فلموں کی تیاری سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر کروڑہا روپئے کی سرمایہ کاری سے فلم کی تیاری کے بعد شائقین پر اضافی بوجھ عائد کیا جارہا ہے۔ بینیفٹ شو کے نام پر ٹکٹ کی شرح میں اضافہ اور ٹکٹوں کی بلیک میں فروخت کے ذریعہ آمدنی حاصل کی جارہی ہے ۔ حکومت کی سرپرستی حاصل کرتے ہوئے ٹکٹوں کی شرح میں اضافہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سماج کیلئے موزوں فلموں کے بجائے جرائم کی حوصلہ افزائی کرنے والی غیر اخلاقی فلموں کی حکومت حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ فلموں کی ریلیز کے وقت ایکٹرس کی جانب سے روڈ شو کے نتیجہ میں عام طور پر بھگدڑ پیدا ہوتی ہے ، لہذا حکومت کو روڈ شو پر پابندی عائد کرنی چاہئے ۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ صندل کی لکڑی کے اسمگلر پر تیار کی گئی فلم پشپا 2 کی حوصلہ افزائی کی گئی جبکہ یہ فلم تشدد کی حوصلہ افزائی کا سبب بن سکتی ہے۔ حکومت کو فلم انڈسٹری سے زیادہ سماج کی بھلائی کی فکر کرنی چاہئے ۔ فلم انڈسٹری اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کے درمیان ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ فلم پروڈیوسرس اور ڈائرکٹرس کو فلموں کی تیاری میں موضوعات کے انتخاب میں احتیاط کا مشورہ دے تاکہ ایسی فلمیں تیار کی جائیں جو سماج کیلئے فائدہ مند ہوں۔1