نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے اتر پردیش کے بہرائچ میں تشدد کے واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں نہیں لینا چاہئے اور تشدد پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے ۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ کسی کو بھی تشدد کرنے کا حق نہیں ہے لیکن انتظامیہ کو بھی اس معاملے میں سرگرم ہونے اور عوام کو اعتماد میں لینے اور مجرموں کے خلاف سختی سے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ پرینکا نے کہا کہ اُترپردیش کے بہرائچ میں تشدد اور انتظامیہ کی بے عملی کی خبر انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ ہے۔ انھوں نے ریاست کے وزیر اعلیٰ اور ریاستی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری کارروائی کریں، عوام کو اعتماد میں لیں اور تشدد کو روکیں۔ مجرموں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے ۔پرینکا گاندھی نے کہا کہ عوام سے میری مخلصانہ اپیل ہے کہ براہ کرم وہ قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں اور امن برقرار رکھیں۔ اُترپردیش کے بہرائچ میں آپسی رنجش کے بعد دو فرقوں میں تشدد پھوٹ پڑا اور علاقہ میں حالات انتہائی کشیدہ ہوگئے ۔