نئی دہلی۔6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بار کونسل آف انڈیا کے صدرنشین منن کمار مشرا نے کہا کہ تشدد کے کسی بھی واقعہ کو برداشت نہیں کیا جائے گا جس میں وکلاء ، پولیس اور عوام ملوث ہوں۔ وکلاء کی جانب سے آج ڈسٹرکٹ کورٹ کے روبرو احتجاج کیا گیا جس پر انہوں نے یہ بات کہی۔ سپریم کورٹ کے احاطہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مشرا نے کہا کہ وکلاء اور پولیس کے درمیان تشدد کے تمام واقعات کا بار کونسل آف انڈیا نے سنجیدگی سے نوٹ لیا ہے اور خاطیوں کے خلاف تمام ضروری کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کل پولیس ہیڈکوارٹرس کے باہر احتجاج کے دوران پولیس ملازمین کی جانب سے ججس اور وکلاء کے خلاف اشتعال انگیز بیانات کی مذمت کی۔ پولیس ملازمین کی جانب سے ان کے دو ساتھیوں پر حملہ کے بعد احتجاج کیا گیا۔ ایک ملازم پر ساکت ڈسٹرکٹ کورٹ کے باہر حملہ کیا گیا جبکہ دوسرا حملہ ہفتہ کو تیس ہزاری کورٹ کامپلکس میں کیا گیا۔