تشکیل تلنگانہ سے صرف کے سی آر خاندان کو فائدہ

   

نلگنڈہ میں انتخابی جلسوں سے کانگریس امیدوار، وینکٹ ریڈی کا خطاب

نلگنڈہ ۔ 19 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بی آر ایس اور بی جے پی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ ایسی دھوکہ دینے والی پارٹیوں کو سبق سکھانا ضروری ہے۔ کانگریس پارٹی اقلیتوں کی بہبود کے لئے اپنے منشور میں 4 ہزار کروڑ روپے سے سب پلان دینے کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس امیدواروں کی کامیابی پر نلگنڈہ کے پرانے شہر کو نئے شہر میں تبدیل کرنے کا تیقن دیتے ہوئے آج رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ و کانگریس امیدوار کے، وینکٹ ریڈی نے بلدی حلقہ جات 22، 23، 24 اور 44 میں اپنی انتخابی مہم کے دوران کارنر میٹنگوں سے مخاطب کرتے ہوئے عوام سے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ کانگریس پارٹی نے سماج کے تمام طبقات کی یکساں ترقی اور حکومت میں حصہ دار بنانے کا تیقن دیتے ہوئے عوم کی ہمدردی حاصل کررہی ہے۔ کانگریس کے ڈیکلریشن سے عوام میں اعتماد بحال ہوا ہے اور تلنگانہ بھر میں کانگریس کی سونامی دکھائی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ہی واحد سیاسی جماعت ہے جو کہ مسلم ڈیکلریشن کا اعلان کیا ہے۔ ماباقی جماعتیں صرف گمراہ کن وعدے کررہی ہے۔ ملک سے غربت کا خاتمہ کانگریس سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے عوام کو تیقن دیا کہ کامیابی کے اندرون تین ماہ حلقہ کو ماڈل اور پرانے شہر کو نئے شہر میں تبدیل کروایا جائے گا۔ تلنگانہ کو خاندانی جماعت نے لوٹ لیا اور اپنے افراد خاندان کی ترقی کروایا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی امیدواروں کو بھاری اکثریت سے منتخب کروانے کی عوام سے اپیل کی۔ اس انتخابی مہم میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے بھائی کی دختر رمیا راؤ نے بھی حصہ لیا اور عوام سے کہا کہ چیف منسٹر اپنے خاندان کے افراد کو ہی کچھ نہیں کیا تو آپ لوگ کس طرح کی توقع کررہے ہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ حلقہ اسمبلی نلگنڈہ میں کانگریسی امیدوار کے وینکٹ ریڈی کو بھاری اکثریت سے منتخب کریں۔ اس انتخابی مہم میں ارکان بلدیہ محمد صمد، محمد محبوب علی امتیاز، محمد سمیع اقلیتی قائدین، جناب محمد عزیز الدین بشیر، سابقہ رکن بلدیہ محمد شفیع نواز خان و دیگر موجود تھے ۔