کسانوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات : ٹی ہریش راؤ
میدک : کسانوں کی ترقی و فلاح بہبود کے ساتھ زرعی ترقی اور فصلوں میں اضافہ کیلئے علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد شعبہ زراعت میں زبردست انقلاب آگیا ہے ۔ پیشرو حکومت 70 سالوں میںکسانوں کی ترقی اور زراعت میں اضافہ کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے ۔ محض وقت گذاروں و معیاد گذاری کے علاوہ کچھ نہیں کیا گیا بس آیا رام گیا رام کی سیاست چلتی رہی ۔ ٹی آر ایس سرکار سات سالوں میں ریاست کو سرسبز و شاداب بنانے کے لئے مثبت اقدامات کرتی آرہی ہے ۔ ریاستی وزیر خزانہ انچارج وزیر متحدہ ضلع میدک مسٹر ٹی ہریش راؤ میدک کے مضافاتی منڈل حویلی گھن پور کے بالا نگر کی پولارم متھڈی پر دریائے گوداوری کے پانی کی آمد پر پانی کی خصوصی پوجا کرتے ہوئے استقبال کیا ۔ اس پروگرام میں ہریش راؤ کے ہمراہ ضلع کلکٹر میدک مسٹر ایس ہریش ، ایم ایل اے میدک محترمہ ایم پدما دیویندر ریڈی ، ایم ایل سی میدک مسٹر ایس سبھاش ریڈی ، بلدی کونسلر مسٹر محمد سمیع الدین موجود تھے ۔ہریش راؤ نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ سابق حکومتوں نے بلدی واگو پر ایک بھی چیک ڈیم نہیں بنایا جبکہ کے سی آر حکومت نے اب تک ضلع میدک میں 142کروڑ کی لاگت سے 32چیک ڈیمس تعمیر کئے جس کے ذریعہ ضلع میں 50ہزار ایکڑ اراضی کو قابل کاشت بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب حقیقت میں ریاست تلنگانہ میں کسان راج قائم ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کسان پانی کے حصول کیلئے ایک کلومیٹر فاصلہ سے پائپ لائن کے ذریعہ پانی حاصل کرتے تھے اور ضلع میں ربیع فصل ہونے کی کوئی تاریخ ہی نہیں ہے ۔ اب گوداوری کا پانی سیراب ہونے سے ضلع میں ربیع فصل کی پیداوار میں بیحد ترقی ہوگئی ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ میدک کے بولارم متھڈی سے پانی کا بہاؤ نظام ساگر کے رُخ ہے ۔ نظام ساگر میں اندرون 24 گھنٹے 7 ٹی ایم سی پانی اسٹور ہوسکتا ہے ۔