پولیس میں29 ہزار تقررات ، محمد محمود علی ‘چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن کی جدید عمارت کا افتتاح
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی ( سیاست نیوز ) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ گذشتہ 7 سال میںمحکمہ پولیس کی 29000 جائیدادوں پر تقررات کیے گئے جس میں پہلی مرتبہ خواتین کو 33 فیصد تحفظات فراہم کئے گئے ۔ چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن کی جدید عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا جو 4.21 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تلنگانہ کی پولیس اپنی فرض شناسی اور فرینڈلی پولیسنگ میں سارے ملک میں شہرت رکھتی ہے ۔ علحدہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر کے سی آر نے محکمہ پولیس کو خصوصی اہمیت دی ہے اور کئی اصلاحات لائی ہیں جس میں ڈی جی پی مہیندر ریڈی کا بھی کافی تعاون رہا ہے ۔ محمد محمود علی نے کہا کہ چیف منسٹر نے محکمہ پولیس کو 700 کروڑ روپئے مختص کرکے بھاری بجٹ منظور کیا ہے ۔ جس کی بدولت محکمہ پولیس میں جدید آلات سے لیس مختلف اقسام کی گاڑیاں خریدی گئی ہیں ۔ تلنگانہ کے پولیس اسٹیشن عمارتوں کو کارپوریٹ دفاتر کے طرز پر تعمیر کیا جارہا ہے ۔ ان عمارتوں میں پولیس ملازمین اور درخواست گذاروں کی سہولیات کا خیال رکھا گیا ہے ۔ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد پولیس عہدیداروں نے بہترین خدمات کا مظاہرہ کیا ہے ۔ تلنگانہ پولیس جدید ٹکنالوجی کا بھر پور استعمال کرکے مسائل کا حل تلاش کررہی ہے ۔ سی سی ٹی وی تنصیب میں تلنگانہ ملک بھر میں سرفہرست مقام رکھتی ہے ۔ ملک بھر کے 64 فیصد سی سی ٹی وی کیمرے صرف تلنگانہ میں موجود ہے ۔ تلنگانہ میں فی الوقت 7.03 لاکھ کیمرے نصب کئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر بھی حیدرآباد کو سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب میں 16 واں مقام حاصل ہوا ہے ۔ تلنگانہ میں حکومت خواتین کی سیفٹی اور سیکوریٹی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ شی ٹیمس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ تلنگانہ میں لا اینڈ آرڈر پوری طرح کنٹرول میں ہے ۔ فسادات کا خاتمہ ہوگیا ممنوعہ نکسلائٹس کی سرگرمیاں ختم ہوگئی ۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد الدین اویسی ، ارکان قانون ساز کونسل سید امین الحسن جعفری ، وانی دیوی ، ڈی جی پی ایم مہیندر ریڈی ، پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار کے علاوہ پولیس کے دوسرے عہدیدار موجود تھے ۔
