تشکیل تلنگانہ کے بعد محکمہ برقی ملازمتوں کے تقررات میں سرفہرست

   

مزید جائیدادوں کے تقررات پر عملی اقدامات، پربھاکر راؤ چیرمین و ایم ڈی جینکو و ٹرانسکو کا بیان
حیدرآباد ۔ 19 اکٹوبر (سیاست نیوز) علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ملازمتوں کی فراہمی میں محکمہ برقی کو پہلا مقام حاصل ہوا ہے اور اب تک ٹی ایس جینکو، ٹی ایس ٹرانسکو اور ڈسکامس کے ذریعہ 22,637 آرٹیزان جائیدادوں کو ملا کر جملہ 34.808 ملازمتیں فراہم کی گئیں۔ اب مزید دو ہزار جائیدادوں پر تقررات کی تجویز ہے۔ ریاستی محکمہ برقی کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ محکمہ کو حاصل ہونے والی جملہ آمدنی کے منجملہ 90 فیصد آمدنی ریاستی محکمہ برقی کے ملازمین تنخواہوں پر خرچ کی جارہی ہے۔ اس طرح ملازمین کو جملہ آمدنی کی 90 فیصد رقومات تنخواہوں کی ادائیگی کرکے تنخواہوں کی ادائیگی میں محکمہ توانائی کو ریاست بھر میں پہلا و منفرد مقام حاصل ہے۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ دیگر ریاستوں میں 5.7 فیصد آمدنی کی رقومات ہی ملازمین کی تنخواہوں پر خرچ کی جاتی ہیں۔ اسی ذرائع کے مطابق تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ریاست بھر میں 1,17,177 مختلف جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے گئے جن میں 29 فیصد جائیدادیں محکمہ برقی کی شامل ہیں۔ محکمہ پولیس کو 14.6 فیصد جملہ 17.276 جائیدادوں پر تقررات کے ذریعہ دوسرا مقام، اسی طرح اقامتی مدارس سوسائٹی کو 10 فیصد جائیدادوں پر تقررات کے ذریعہ تیسرا مقام جبکہ تقررات عمل میں لانے کے معاملہ میں سنگارینی کالریز کمپنی کو چوتھا مقام اس کے علاوہ محکمہ پنچایت راج کو تقررات عمل میں لانے کے معاملہ میں پانچواں مقام حاصل ہے۔ اسی دوران صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر ٹی ایس جینکو و ٹرانسکو مسٹر پربھاکر راؤ نے بتایا کہ ریاست میں یہ برقی ادارے اپنی شاندار کارکردگی کے مظاہرے کرنے کی وجہ سے ہی ان محکمہ جات کو زبردست کامیابیاں حاصل ہورہی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایاکہ بزنس پراسیس میں موبائیل ٹیکنالوجی سے بہتر استفادہ کرنے کی وجہ سے تلنگانہ جینکو کا ’’ایوارڈ فار کسٹمر ایکسلینس‘‘ کیلئے انتخاب عمل میں آیا ہے۔ مسٹر پربھاکر راؤ نے ممبئی میں ایوارڈ حاصل کرنے والے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔