لکھنؤ۔ 23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہفتہ کو کہا کہ تشکیل حکومت کے لئے کسی پارٹی کو مدعو کرنا گورنر کا اختیار ہے۔ بی جے پی کے صدر دیویندر فڈنویس اور این سی پی کے اجیت پوار بالترتیب چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر کئے جانے کے بعد انہوں نے تبصرہ کیا۔ یہ غیرمتوقع تبدیلی ایک ایسے وقت رونما ہوئی جس سے ایک دن قبل شیوسینا کے صدر ادھو ٹھاکرے چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے کانگریس ، این سی پی اور سیوسینا کے متفقہ امیدوار کی حیثیت سے ابھرے تھے۔ راج ناتھ سنگھ نے لکھنؤ میں ایک تقریب میں کہا کہ ’’وقت کے اس مرحلے پر اس پروگرام میں کوئی سیاسی بیان دینا نہیں چاہتا۔ یہ گورنر کا اختیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر نے اطمینان کرلینے کے بعد ہی ایک شخص کو (تشکیل حکومت) کیلئے مدعو کیا ہے۔ وزیر دفاع نے اے ایم سی اسٹیڈیم میں اجتماع سے خطاب میں کہا کہ ہم جوانوں اور ان کے مساویانہ طور پر سابق فوجیوں پر فخر کرتے ہیں‘‘۔