تشکیل وقف بورڈ کیلئے اعلامیہ جاری ، کلکٹر حیدرآباد الیکشن آفیسر مقرر

   

اندرون ایک ماہ تشکیل ، موجودہ بورڈ کی میعاد /23 فبروری کو ختم ہوگی
حیدرآباد : /27 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کی تشکیل جدید کیلئے حکومت نے الیکشن آفیسر کا تقرر کردیا اور نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ۔ پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے الیکشن آفیسر کے طور پر کلکٹر حیدرآباد شرمن اور اسسٹنٹ الیکشن آفیسر کی حیثیت سے میر منور علی ایکزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ کا تقرر کرکے جی او جاری کردیا ۔ اس کے علاوہ وقف بورڈ کی تشکیل جدید کیلئے علحدہ احکامات جاری کئے گئے جس کے تحت الیکشن آفیسر اندرون ایک ماہ تشکیل کا عمل مکمل کرلیں گے ۔ واضح رہے کہ موجودہ بورڈ کی میعاد /23 فبروری کو ختم ہورہی ہے اور حکومت میعاد کی تکمیل سے قبل ہی نئے بورڈ کے انتخاب کا عمل مکمل کرنا چاہتی ہے تاکہ نیا بورڈ فوری ذمہ داری سنبھال لے ۔ وقف بورڈ میں 6 ارکان کا الیکشن کے ذریعہ انتخاب کیا جاتا ہے جبکہ 5 نامزد ارکان ہوتے ہیں ۔ رائے دہی کے ذریعہ منتخب ارکان میں ایم پی ایک ، ارکان مقننہ 2 ، متولی 2 اور بار کونسل سے ایک رکن شامل ہیں جبکہ نامزد ارکان میں اسلامک اسکالر 2 ، شیعہ ، خاتون اور حکومت کا نمائندہ شامل ہوگا ۔ حکومت کی نمائندگی کیلئے ڈپٹی سکریٹری رینک عہدیدار کو نامزد کیا جاتا ہے ۔ 11 رکنی وقف بورڈ کی تشکیل کیلئے الیکشن آفیسر شرمن علحدہ الیکشن شیڈول جاری کریں گے ۔ اطلاعات کے مطابق ارکان مقننہ اور بارکونسل ارکان کی تعداد پر تفصیلات حاصل کرنے تلنگانہ لیجسلیچر اور ہائیکورٹ رجسٹرار کو مکتوب روانہ کردیئے گئے ۔ مسلم ارکان مقننہ جن میں ارکان اسمبلی اور کونسل شامل رہیں گے ، رائے دہی کا حق رکھتے ہیں ۔ جبکہ بار کونسل کے مسلم ارکان میں سے کسی ایک کا انتخاب عمل میں آئے گا ۔ پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود نے رائے دہی کیلئے اہل متولی اور منیجنگ کمیٹت ارکان کی فہرست وقف بورڈ سے طلب کی ہے ۔ ایسے متولی یا منیجنگ کمیٹی جن کی سالانہ آمدنی ایک لاکھ روپئے یا اس سے زائد ہے اور جو 7 فیصد وقف فنڈ ادا کرتے ہیں وہ رائے دہی میں حصہ لے سکیں گے ۔ وقف بورڈ سے اہل متولی اور منیجنگ کمیٹیوں کی فہرست تیار کی جارہی ہے ۔ موجودہ بورڈ میں متولی زمرہ کے تحت مولانا سید اکبر نظام الدین حسینی صابری اور منیجنگ کمیٹی سے مرزا انوار بیگ نمائندگی کررہے ہیں ۔ بار کونسل زمرہ میں زیڈ اے جاوید کی نمائندگی ہے ۔ ارکان مقننہ اور رکن پارلیمنٹ کا زمرہ خالی ہے کیونکہ ان کیلئے الیکشن نہیں کیا جاسکا ۔ توقع ہے کہ الیکشن آفیسر جلد ہی شیڈول کا اعلان کردیں گے ۔ ر