پریس فوٹو گرافرس کے مسائل کی یکسوئی کا تیقن ، سنگاریڈی میں ورلڈ فوٹوگرافرس ڈے سے نرملا جگاریڈی وکلکٹر کاخطاب
سنگاریڈی ۔19 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کلکٹریٹ سنگاریڈی کے منی آڈیٹوریم میں فوٹو جرنلسٹ اسو سی ایشن ضلع سنگاریڈی کے زیر اہتمام ورلڈ فوٹوگرافی ڈے منعقد کیا گیا جس کو نرملا جگا ریڈی چیرمین تلنگانہ انڈسٹیرئل انفرا اسٹرکچر کارپوریشن نے مخاطب کرتے ہوے کہا کہ تصاویریں اخبار کی جان ہوتے ہیں۔ ایک تصویر کسی بھی خبر کی مکمل عکاسی کرتی ہے۔ پریس فوٹوگرافرس بڑی مہارت کے ساتھ خبر کی مناسبت سے فوٹو کا انتخاب کرتے ہیں۔ پریس فوٹو گرافرس بہت محنت کے ساتھ اپنا کام کرتے ہیں۔ کئی مرتبہ انھیں تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم انھیں پروگرام کی بہترین تصویر حاصل کرنے کی جستجو رہتی ہے۔ اُنھوں نے پریس فوٹوگرافرس کے مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیا۔ پی پراونیا کلکٹر ضلع سنگاریڈی نے مخاطب کرتے ہوے فوٹوگرافرس کو ورلڈ فوٹوگرافی کی مبارکباد دی اور کہا کہ تصویر کشی ایک احساس اور جذبہ ہے۔ تصویر کشی ایک ایسا فن ہے جس میں کوئی شخص کسی منظر، جذبے یا خیال کو بصری شکل میں پیش کرتا ہے۔ یہ ایک تخلیقی عمل ہے جو دیکھنے والے کے دل و دماغ پر اثر ڈالتا ہے۔ ایک تصویر کسی الفاظ کے بغیر ایک پوری کہانی بیان کرتی ہے ۔ تصویریں ماضی کے لمحات کو محفوظ کرتی ہیں اور انہیں ہمیشہ کے لیے زندہ رکھتی ہیں۔ تصویریں سماجی اور ثقافتی مسائل کو اُجاگر بھی کرتی ہیں اور لوگوں میں شعور اُجاگر کر سکتی ہیں۔ پریتوش پنکج ایس پی ضلع سنگاریڈی نے کہا کہ موجودہ دور میں تقریباً ہر شخص کے ہاتھ میں اسمارٹ فون ہے جس میں بہترین اعلیٰ معیاری کیمرہ بھی ہیں لیکن محض ہاتھ اسمارٹ فون اور بہترین کیمرہ آجانے سے کسی کا فوٹوگرافر بننا ممکن نہیں ہے۔ اسمارٹ فون سے فوٹو کھینچی جاسکتی ہے لیکن فن و مہارت کی کمی کے سبب ان تصاویر میں جاذبیت نہیں ہوتی۔ پریس فوٹوگرافرس کافی محنت کے ساتھ تصاویر نکالتے ہیں اور ان کی تصاویر کے بغیر خبریں ادھوری محسوس ہوتی ہیں۔ ڈاکٹر کونا وینو گوپال صدر یوتھ اسوسی ایشنس نے کہا کہ فرانس سے تعلق رکھنے والے جوزف نیسفور نیپس پہلے ایسے شخص تھے جنہوں نے 1826 میں کیمرہ ایجاد کیا تھا۔ انہوں نے پہلی تصویر کھینچی اور اسے ڈیولپ کیا تھا۔ اس تصویر کو کھینچنے اور بنانے کے عمل میں کم و بیش 8 گھنٹے صرف ہوئے تھے۔ 1897 میں جارج ایسٹ مین نے کیمرہ کو کمرشیل بنیادوں پر تیار اور فروخت کرنا شروع کیا تھا۔ ان کی کمپنی کا نام کوڈیک ہے۔ محمد جاوید علی صدر ٹی این جی اوز یونین، ایم اے قادر فیصل ریاستی نائب صدر ٹی یو ڈبلیو جے، ڈاکٹر ویدیاناتھ صدر ٹی جی اوز، کے جگن بی جے پی قائد، بی یادگری صدر ٹی یو ڈبلیو جے نے بھی مخاطب کیا۔ محمد عارف صدر فوٹوجرنلسٹس اسو سی ایشن نے خیر مقدم اور ستیہ ناراینا جنرل سکریٹری نے شکریہ ادا کیا۔