گورنرس اور لیفٹننٹ گورنرس کی دو روزہ کانفرنس سے صدر کووند کا افتتاحی خطاب
نئی دہلی۔23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے ہفتہ کو کہا کہ ملک میں قوم کو ترقی و خوشحالی کیلئے تعاون مسابقت پر مبنی وفاقیت میں گورنرس اور لیفٹننٹ گورنرس کا نمایاں رول ہوتا ہے۔ صدر کووند نے گورنرس اور لیفٹننٹ گورنرس کی دو روزہ کانفرنس افتتاحی خطاب میں کہا کہ تمام گورنروں کو عوامی زندگی کا بھرپور تجربہ ہے اور عوام کو اس کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھا پایئے۔ صدر کووند نے کہا کہ گورنر کا رول محض دستور کے تحفظ تک محفوظ نہیں ہے بلکہ انہیں اپنی متعلقہ ریاستوں میں عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود میں ہمہ وقت مشغول رہنے کا عزم بھی کرنا چاہئے۔ یقیناً ہم عوام کیلئے کام کریں گے اور ان کیلئے جوابدہ ہوں گے۔ صدر کے حوالہ سے کہا گیا ہے کہ ’’آج گورنروں کا رول پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہوگیا، کیونکہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہم تعاون اور صحت مند مسابقت پر مبنی وفاقیت کو ترجیح دے رہے ہیں۔ صدر گورنر نے قبل ازیں گورنرس اور لیفٹننٹ گورنرس کی 50 ویں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لداخ اور جموں و کشمیر کے لیفٹننٹ گورنروں آر کے ماتھر اور بساس مورمو کا خصوصی تذکرہ کیا۔ ان دو نئے مرکزی زیرانتظام علاقوں کی یہ پہلی نمائندگی تھی۔ انہوں نے کہا کہ گورنروں کو چاہئے کہ وہ دستوری اختیارات کے استعمال کے ساتھ مناسب رہنمائی فراہم کریں۔ صدرجمہوریہ نے کہا کہ نئی تعلیمی پالیسی کو ’’نالج سوپر پاور‘‘ بنایا جانا چاہئے۔ آبی وسائل کا پوری کفایت شعاری کے ساتھ موثر استعمال اور اس کا تحفظ ملک کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ ہمیں جل شکتی ابھیان کو بھی سوچھ بھارت مشن کی طرح ایک عوامی تحریک بنایا جانا چاہئے۔
