جونپور:24جون (یو این آئی) اترپردیش کے ضلع جونپور میں آئندہ محرم کے تہوار کو پرامن طریقہ سے منعقد کرائے جانے کے مقصدر سے ڈی ایم ڈاکٹر دنیش چندر کی سربراہی میں امن کمیٹی کی میٹنگ کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں ڈی ایم نے کہا کہ جن مقامات پر پہلے تعزیہ رکھے جاتے تھے اس سال بھی وہیں رکھے جائیں۔ میٹنگ کے دوران ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر دنیش چندرا نے لوگوں سے تہوار کو خوشگوار، پرامن اور روایتی انداز میں منانے کی اپیل کی۔ انہوں نے ای او کو ہدایت دی کہ ضلع کے مختلف علاقوں میں جن مقامات اور راستوں پر تعزیہ رکھا جاتا ہے ان کی صفائی اور اسٹریٹ لائٹس لگوائیں۔
انہوں نے ایگزیکٹیو انجینئر (واٹر کارپوریشن) کو ہدایت دی کہ وہ سڑکوں پر موجود گڑھوں یا پانی جمع ہونے کی حالت ہو تو اسے ٹھیک کرایا جائے ۔ایگزیکٹیو انجینئر (بجلی) کو ڈھیلے برقی تاروں اور کیبل کو ہٹانے کی ہدایت دی گئی۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے تمام سب ڈسٹرکٹ مجسٹریٹس اور ایریا مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ تعزیہ سے متعلق متنازعہ جگہ کی پہلے سے نشاندہی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ پولیس انتظامیہ اور متعلقہ امن کمیٹی کے ارکان کے ساتھ تال میل قائم کرکے اس مسئلے کو حل کیا جائے ۔ تعزیے انہی جگہوں پر رکھے جائیں گے جہاں ماضی میں رکھے گئے تھے ۔ تعزیہ کے روٹ کے حوالے سے کوئی تنازعہ سامنے آئے تو ایسے راستوں کی نشاندہی کرکے فوری حل کو یقینی بنایا جائے ۔ تحصیل سمیت تمام مقامات پر امن کمیٹی کے اجلاس منعقد کئے جائیں۔ ان جگہوں پر جہاں طبی ٹیم کی ضرورت ہو، فوری طبی علاج فراہم کرنے کے لیے پہلے سے تیاری کر لی جائے ۔ تعزیہ کی اونچائی روایتی معیار پر مبنی ہونی چاہیے ۔