تعطیلات میںاحتیاطی تدابیرپرزور

   

مکانات کے تحفظ کیلئے منصوبہ بندی کریں: پولیس کمشنر
نظام آباد: 20؍ ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دسہرہ تہوار کے موقع پر عوام اپنی حفاظت اور مکانات کے تحفظ کے لیے لازمی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ان خیالات کا اظہار پولیس کمشنر نظام آباد مسٹر سائی چیتنیا نے اپنے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے کہا کہ تہوار کی تعطیلات میں دیہات یا بیرونِ شہر جانے والے افراد درج ذیل ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ چوری اور دیگر جرائم سے محفوظ رہ سکیں۔پولیس کمشنر مسٹر سائی چیتنیا کے مطابق صبح کے اوقات میں اخبارات بیچنے والے یا دیگر سامان فروخت کرنے والے مشکوک افراد پر نظر رکھنا ضروری ہے اور رات کے وقت غیرضروری طور پر گھومنے والوں سے احتیاط برتنی چاہیے۔ کمشنر نے کہا کہ اکثر شہر کے مضافاتی علاقوں اور کالونیوں میں مقفل شدہ مکانات کو نشانہ بنایا جاتا ہے اس لیے پڑوسیوں کو اطلاع دے کر گھروں پر نظر رکھنے کا انتظام کرنا چاہیے اور سفر جلد مکمل کر کے واپس آنے کی منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ گھریلو خواتین اور بزرگ افراد کسی بھی اجنبی شخص پر بھروسہ نہ کریں۔ قیمتی سامان پڑوسیوں کے حوالے نہ کریں بلکہ بینک لاکر میں رکھنا بہتر ہے۔پولیس کمشنر نے مزید کہا کہ کالونی سطح پر گشتی دستے تشکیل دیے جائیں اور سفر سے قبل قریبی پولیس اسٹیشن کو اطلاع دینا ضروری ہے۔ مشکوک افراد یا سرگرمیوں کی اطلاع پولیس کو فراہم کر کے عوام جرائم کی روک تھام میں مدد کرسکتے ہیں۔ اپنے قریبی رشتہ داروں اور پڑوسیوں کے فون نمبر ساتھ رکھنا فائدہ مند ہے جبکہ سفر یا غیر حاضری کی اطلاع سوشیل میڈیا پر دینے سے گریز کریں اور واپسی کے بعد ہی تصاویر یا معلومات شیئر کریں۔ پولیس نے شہریوں کو تاکید کی کہ گھروں سے نکلنے سے پہلے برقی گیس اور دیگر آلات بند کر دیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں قریبی پولیس اسٹیشن سے رجوع کریں یا ڈائل 100 کا سہارا لیں۔