تعطیلات کے ذریعہ لاکھوں طلبہ کے تعلیمی مستقبل سے کھلواڑ کا الزام

   

چیف منسٹر سے وضاحت کا مطالبہ، صدر میناریٹی ڈپارٹمنٹ سمیر ولی اللہ کا بیان
حیدرآباد۔ 18 اکٹوبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے حکومت سے اسکولوں کو دسہرے کی تعطیلات میں توسیع سے متعلق اطلاعات پر وضاحت طلب کی ہے۔ پارٹی نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کے سبب اسکولی طلبہ حکومت کے فیصلے سے الجھن کا شکار ہیں۔ ہڑتال سے نمٹنے میں ناکامی کو چھپانے کے لیے تعطیلات میں 19 اکٹوبر تک توسیع کی گئی تاہم اس میں مزید توسیع کی اطلاعات گشت کررہی ہیں۔ سٹی کانگریس کمیٹی میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین سمیر ولی اللہ نے الزام عائد کیا کہ 19 اکٹوبر تک تعطیلات میں توسیع سے اسکولوں میں تعلیمی شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے۔ کے سی آر حکومت پر لاکھوں اسکولی طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کا الزام عائد کرتے ہوئے سمیر ولی اللہ نے کہا کہ حکومت کو اس بات کی وضاحت کرنی چاہئے کہ اگر 21 اکٹوبر کے بعد بھی ہڑتال جاری رہی تو اسکولوں اور کالجس کی کشادگی کا کیا ہوگا۔ کیا حکومت تعطیلات میں توسیع کرے گی یا پھر مقررہ شیڈول کے مطابق تعلیمی ادارے کھل جائیں گے۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ اکیڈیمک کیلنڈر کے مطابق 21 تا 26 اکٹوبر ایس اے ون امتحانات منعقد ہوتے ہیں اور موجودہ صورتحال میں طلبہ کو کسی تیاری کے بغیر ہی اسکولوں کے آغاز کے ساتھ ہی امتحانات لکھنے پر مجبور ہونا پرے گا۔ انہوں نے اسکولوں کو زائد تعطیلات کی مخالفت کی اور کہا کہ اسکولوں 11 قیمتی دن ضائع ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈیمک کیلنڈ کے مطابق تعلیمی سال 2019-20 کا آخری کام کا دن 23 اپریل 2020ء ہے۔ اس مدت کے دوران 14 تا 15 عام تعطیلات، دوسرے ہفتے کی 6 اور اتوار کی 26 تعطیلات ہیں اس کے علاوہ سنکرانتی کی 6 دن کی تعطیلات ہوں گی۔ مشنری اسکولس کرسمس کی 7 دن کی تعطیلات دیتے ہیں۔ اس طرح مزید 52 دن تعطیلات میں گزرجائیں گے اور صرف 134 دن اسکولس، ٹیچرس اور طلبہ کے لیے نصاب کی تکمیل اور امتحانات کے لیے باقی رہیں گے۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ اضافی تعطیلات کے نتیجہ میں ایس ایس سی طلبہ کو مشکلات پیش آسکتی ہیں جنہیں 10 جنوری تک نصاب مکمل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال کو ختم کرنے کے بجائے کے سی آر حکومت طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کررہی ہے۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ تلنگانہ ہالی ڈے اسٹیٹ میں تبدیل ہوچکی ہے اور تعلیمی سال 2019-20 کے دوران 317 ایام میں 106 دن کی تعطیلات ہیں۔ تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے جہاں تعلیمی سال کے ایک تہائی ایام تعطیلات میں گزر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ پر جبراً تعطیلات مسلط کرتے ہوئے مشکلات میں اضافہ کیا گیا ہے۔ سمیر ولی اللہ نے حضورنگر کے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ کے سی آر کی پالیسیوں کے خلاف کانگریس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔