تعلقات کی بحالی کیلئے بحرین اور ایران مذاکرات کرنے پر متفق

   

تہران :بحرین نے 2016 میں ایران کے ساتھ تعلقات منقطع کر لیے تھے، تاہم گزشتہ برس سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات میں بہتری آنے کے بعد بحرین بھی اسی راستے پر گامزن ہے۔بحرین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اتوار کے روز اطلاع دی کہ بحرین اور ایران نے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی تعلقات کی بحالی کے مقصد سے بات چیت شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف الزیانی اور ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کنی کے درمیان تہران میں اتوار کے روز ملاقات ہوئی، جس کے بعد مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق ہوا۔ عبداللطیف الزیانی ایشیائی تعاون ڈائیلاگ سمٹ کے اجلاس میں شرکت کے لیے ایران پہنچے تھے۔اس حوالے سے ایک بیان میں کہا گیا کہ اس ملاقات میں فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت شروع کرنے کے لیے ضروری میکانزم قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ اس بات کا جائزہ لیا جا سکے کہ ان کے درمیان سیاسی تعلقات کو دوبارہ کیسے شروع کیا جائے۔