تعلیم، انسان کی حقیقی پہچان، کامیاب زندگی کی بنیاد

   

بچوں میں دینی شعور اجاگر کرنے پر زور، النور اسکول بچکنڈہ میں طلبہ کا علمی و فکری مظاہرہ، مقررین کا خطاب
بچکندہ۔ 24 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کاماریڈی کے بچکندہ ٹاؤن کے النور انگلش میڈیم اسکول میں سالانہ ایجوکیشن اویئرنیس ڈے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا، جس میں طلباء و طالبات نے اپنے علمی، فکری اور تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ یہ باوقار تعلیمی ادارہ نہ صرف عصری تعلیمی میدان میں اپنی مثال آپ ہے بلکہ دینی ماحول کو بھی فروغ دے رہا ہے۔ صرف دو سال کی مختصر مدت میں اس ادارے نے جو ترقی کی ہے، وہ قابلِ ستائش ہے۔ اس پروگرام میں سینکڑوں مرد و خواتین نے شرکت کی، جبکہ طلباء کی جانب سے پیش کئے گئے 20 سے زائد منفرد اور علمی پروگراموں نے حاضرین کو مسحور کر دیا۔ اس سالانہ تعلیمی و آگاہی پروگرام میں مہمانِ خصوصی کے طور پر حلقہ اسمبلی جوکل کانگریس پارٹی رکن اسمبلی توٹا لکشمی کانت راؤ، کانگریس کے سینئر لیڈر جناب رحیم سیفی حیدرآباد، عابد ایڈوکیٹ بودھن، جناب عابد (قومی صدر جماعت اسلامی ہند بودھن) اور مفتی غلام یزدانی اشاعتی (صدر جمعیۃ علماء ضلع بیدر) نے شرکت کی۔ رکن اسمبلی توٹا لکشمی کانت راؤ نے اسکول کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے اسکول مینجمنٹ، چیئرمین حافظ عبدالعلیم فاروقی اور تدریسی عملے کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم انسان کی حقیقی پہچان ہے، جو اسے شعور و آگہی عطا کرتی ہے، اور ایک کامیاب زندگی کی بنیاد رکھتی ہے۔ تعلیم کے بغیر نہ شخصیت مکمل ہو سکتی ہے اور نہ ہی کوئی قوم ترقی کر سکتی ہے۔ جناب رحیم سیفی نے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ۔ والدین کو تاکید کی کہ وہ اپنی اولاد کو دینی و عصری تعلیم سے آراستہ کریں، کیونکہ تعلیم نہ صرف فرد کو مہذب اور باوقار بناتی ہے بلکہ اسے کامیابی کی راہ پر بھی گامزن کرتی ہے۔ مفتی غلام یزدانی اشاعتی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کی کمی ہی معاشرے میں جہالت اور پسماندگی کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ بچوں کو ایسے باوقار ادارے میں تعلیم دلوائی جائے جہاں نہ صرف عصری علوم سکھائے جاتے ہوں بلکہ دینی شعور بھی اجاگر کیا جاتا ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ النور انگلش میڈیم اسکول اپنی شاندار تعلیمی روایات، ڈسپلن، اور اعلیٰ تعلیمی معیار کے ذریعے ایک روشن مثال بن چکا ہے۔ اس شاندار تعلیمی و تربیتی تقریب میں والدین، اساتذہ، علماء کرام، سماجی رہنما اور اسکول کے معاونین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اسکول کے تعلیمی معیار، نظم و ضبط اور بچوں کی غیرمعمولی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ادارے کی مزید ترقی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ پروگرام کے اختتام پر کامیاب طلباء و طالبات کو انعامات سے نوازا گیا اور اسکول چیئرمین حافظ عبدالعلیم فاروقی نے تمام مہمانان، سرپرستوں، اساتذہ اور طلباء کا شکریہ ادا کیا۔