تعلیم، تربیت اور کریئر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگی ضروری

   

نئی دہلی : شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ڈین، فیکلٹی برائے انسانی علوم و السنہ پروفیسرمحمداسدالدین نے کہا کہ تعلیم، تربیت اور کیریئر کے جدید تقاضوں سے خود کو ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔یہ بات انہوں نے شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سبجیکٹ ایسو سی ایشن ‘بزمِ جامعہ’ کے زیرِ اہتمام بی۔اے ، ایم۔اے اور پی۔ جی ڈپلوما اِن اردو ماس میڈیا میں داخلہ لینے والے تمام نئے طلبا و طالبات کے لیے استقبالیہ تقریب میں کہی۔مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے انہوں نے کہا کہ طلبا کو چاہیے کہ وہ مختلف زبانوں، بالخصوص انگریزی پر دسترس حاصل کریں۔ انھوں نے مزید کہا کہ جامعہ کا شعبۂ اردو اس وقت ہندوستان کا نمایاں ترین شعبہ ہے ، لہٰذا طلبا اپنے اساتذہ اور شعبے کی مجموعی علمی و ادبی فضا سے مستفیض ہونے کی بھرپور کوشش کریں۔ بزم کے صدارتی خطاب میں صدرِ شعبہ پروفیسر احمد محفوظ نے طلبا و طالبات کی شان دار کارکردگی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طلبا نے یقینا بہت تن دہی اور غیر معمولی دلچسپی کے ساتھ تمام سرگرمیاں بحسن و خوبی انجام دیں۔ انھوں نے طلبا کو خصوصی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ زبان کے حوالے سے مزید حساس ہونے کی ضرورت ہے ، کیوں کہ زبان ہی انسان کی شناخت کا سب سے نمایاں وسیلہ ہوتی ہے ۔