درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ پر حاضری کے بعد مفتی مستان علی قادری اور ڈاکٹر صابر پاشاہ کا تاثر
شادنگر: 11 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) درگاہ شریف حضرت جہانگیر پیراں علیہ الرحمتہ والرضوان پر علماء کرام مشائخ عظام کا ایک وفد مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد مستان علی قادری بانی و ناظم اعلیٰ جامعتہ المؤمنات مغل پورہ حیدر آباد ومولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پا شاہ چیرمین تلنگانہ تنظیم فروغ لسانیات کی سرکردگی میں زیارت وحاضری کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے بتلایاکہ اولیاء اللہ کے آستانے رشد وہدایت کا مینار ہ نور ہیں،اولیاء اللہ نے زندگی بھر سنت و شریعت کا درس دیتے ہوئے بھٹکی ہوئی انسانیت کو راہ حق دکھائی، بزرگان دین کی تعلیمات امن ومحبت اور احترام انسانیت کا درس دیتی ہے، دین اسلام کی تبلیغ و اشاعت، درس وتدریس کیلئے خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا،اولیاء اللہ اپنے کردار سے لاتعدادلوگوں کوگمراہی کے اندھیروں سے نکال کر راہ حق پر گامزن کیا ، اس کے پاس جو کوئی بھی حاضر ہوتا وہ خوف خدا و عشق مصطفی کی دولت حاصل کرکے واپس لوٹتا اور ان کی روشن کی ہوئی شمع آج اندرون و بیرون ملک میں موجود ہے ، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پا شاہ قادری خطیب وامام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤزنامپلی حیدرآباد نے کہا کہ اولیاء اللہ نے ہمیشہ امن و محبت کے پیغام کو فروغ دیا کیونکہ امن و محبت دین اسلام کی بنیاداور روح ہے اولیاء اللہ ہی وہ ہستیاں ہیں جنہوں نے دین اسلام کی تعلیمات کی روشنی سے اپنے کردار منور کیے،انہوں نے کہا کہ اولیاء اللہ کی تعلیمات قرآن وسنت کی پیروی کی روشنی میں سمجھی جا سکتی ہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں کثرت سے اولیاء اللہ کا ذکر کرتے ہوئے ان کی شان بیان کی ہے، اس وفد میں شامل مولاناڈاکٹر سید شاہ تنویر عالم قادری الموسوی،شیخ الحلقہ ،مولانا سید خضر پا شاہ قادری ،مولانا محمد ساجد احمد خان کامرانی، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد غوث قادری عادل کے علاوہ دیگر معززین بھی موجود تھے۔