تعلیمی اداروں میں اخلاقی انحطاط کے ازالہ کی کوشش ضروری

   

Ferty9 Clinic

تربیت و خدمت پر توجہ ناگزیر ‘ نظام آباد میں اساتذہ کی تنظیم آئیٹا کا اجلاس ‘مقررین کا خطاب

نظام آباد :8؍ نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شیخ عارف الدین صدر آئیٹا ضلع نظام آباد کے بموجب ایک روزہ پالیسی و پروگرام تفہیمی اجلاس خواتین ہال نزد مسجد عرفات نظام آباد میں منعقد ہوا۔ جس میں ضلع نظام آباد، ضلع جگتیال اور ضلع نرمل کے آئیٹا سے متعلقہ تقریبا 70 ممبران و ذمہ داران نے شرکت کی۔ آج کے اس پروگرام کا آغاز حافظ جمیل کی تلاوت و ترجمانی سے ہوا۔افتتاحی کلمات شیخ عارف الدین صدر آئیٹا ضلع نظام آباد نے ادا کئے اسکے بعد پالیسی و پروگرام کی تفہیم کا سیشن شروع ہوا پہلے کا عنوان تعلیمی ادارے اور اقدار کا انضمام تھا، اس عنوان پرممبر آئیٹا نے مخاطب کیا اور کہا کہ تعلیمی اداروں میں تعلیمی و اخلاقی انحطاط کے ازالے کی کوششیں کرنا چاہئے۔ صحت مند فن و ثقافت کو فروغ دینا جمہوری، سماجی، مذہبی اقدار و رواداری کو فروغ دینا۔اس کے لئے اسکول اسمبلی و دیگر موقعوں پر اقدار پر مبنی لیکچرز، عظیم شخصیتوں کے کارناموں کو روشناس کروانے کے لئے تحریری و تقریری مقابلے وغیرہ پروگرامس منعقد کئے جا سکتے ہیں۔اس بعد دوسرے دور کا عنوان، اساتذہ حقوق و مسائل پر جناب محمد سمیع الدین صدر ضلع جگتیال نے مخاطب کر تے ہوے کہا کہ اساتذہ جہاں ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں وہیں اپنے حقوق سے بھی واقف ہوں اور اسکی تمام معلومات حاصل کریں مسائل کے حل کے لئے کوششیں کریں آئیٹا آپ کے ساتھ ہے۔ تیسرے ہیڈ، تعلیم اور نظام تعلیم کے عنوان پر جناب محمد یوسف علی صدر یونٹ پریسڈنٹ آئیٹا نے مخاطب کیا انہوں نے کہا ہر معلم کو نظام تعلیم کے بنیادی اصولوں سے واقف ہونا چاہئیے۔ چوتھے ہیڈ کا عنوان اساتذہ فرائض منصبی، علمی،فکری و پیشہ وارانہ ارتقاء، اس عنوان پر جناب سید عبد النعیم صاحب نے تفصیلی گفتگو کی اور بتایا کہ ہر معلم اپنے فرض منصبی سے اچھی طرح واقف ہو۔ اور فرائض کی ادائیگی میں ذمہ داری سے کام لیں۔تنظیمی ارتقاء کے عنوان پر محترمہ نصرت نثار صاحبہ ریاستی لیڈی کنوینر نے مخاطب کیا۔ اس کے بعد کلیدی خطاب ہوا جس کو جناب اسلم فیروز صاحب مرکزی سیکریٹری آئیٹا نے مخاطب کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی موجودہ تر قی میں راست یا بالراست اساتذہ کا رول ہے انہوں نے کہا کہ اساتذہ منصب کا شعور پیدا کریں۔ اسلامی دائیرے میں رہ کر لڑکیاں تعلیم حاصل کر سکتی ہیں۔ بدقسمتی سے موجودہ تعلیمی ادارے صرف نشانات اور رینک پر ہی فوکس کرتے ہیں تربیت کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے۔ تعلیم کے ساتھ تربیت اور خدمت کی بھی سخت ضرورت ہے خدمت کے بغیر آپ خیر امت نہیں بن سکتے۔ انگریزوں نے 150 سال ظلم کیا لیکن مسلمانوں کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکے۔ اس کے بعد پالیسی و پروگرام پر ایک ورک شاپ منعقد ہوا ۔ آخر میں صدارتی خطاب جناب غوث الرحمن نائب صدر آئیٹا تلنگانہ نے زادہ راہ کے عنوان پر کیا۔ اس کے بعد اسحاق حسین نے تمام شرکاء کو ضابطہء اخلاق پڑھوایا۔اور محمد عبداللہ صدر آئیٹا یونٹ آرمور نے اظہار تشکر کیااور دعا کے بعد اس اجلاس کے اختتام کا اعلان ہوا۔جناب الیاس احمد صاحب سیکریٹری آئیٹاضلع نظام آباد نے پروگرام کی کاروائی چلائی۔